اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، کل (19 اپریل 2025ع کو) خبر رساں ایجنسی ابنا کے کانفرنس ہال میں "فلسطین، امتِ مسلمہ کا قلبِ مجروح"کے عنوان سے پاکستانی علماء کی نشست ہوئی۔
اس نشست میں پاکستان کے معروف علمی و میڈیا کارکنان حجج الاسلام سید یاور زیدی، سید محمد روح اللہ اور سید مصطفی کاظمی نے شرکت کی۔
سید یاور عباس زیدی نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے ہمیں اس مسئلے کو مل کر حل کرنا ہوگا۔
انھوں نے کہا: افسوس ہے مسلم حکمرانوں پر جنہوں نے غزہ کو تنہا چھوڑ دیا ہے صرف دو ہی ملک فلسطین کی مدد کر رہے ہیں ایک ایران ہے اور دوسرا یمن۔
اس موقع پر نشست میں شریک جناب سید روح اللہ رضوی نے کہا کہ امت مسلمہ کو فلسطین کے مسئلےمیں کردار ادا کرنا ہوگا؛ فلسطین کو تنہا چھوڑیں گے تو روز قیامت خدا ہم سب اللہ کی عدالت میں جوابدہ ہونگے۔
اس موقع پر سید مصطفی کاظمی نے تمام اسلامی ممالک سے غزہ کے متعلق ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور میڈیا کی طرف سے عوام اور نوجوانوں کی سطح پر آگہی اور شعور پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکاء نے فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، صہیونی جارحیت اور امت مسلمہ کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین صرف ایک سرزمین کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کا دینی، انسانی اور اخلاقی مسئلہ ہے، جس پر خاموش رہنا ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔
نشست میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ میڈیا، ثقافت اور دینی مراکز کو فلسطینی کاز کے حق میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ عوام میں شعور اور بیداری پیدا ہو۔
یہ نشست اردو زبان میں منعقد کی گئی تاکہ برصغیر پاک و ہند کے اردو بولنے والے عوام تک فلسطین کے مظلوموں کی آواز مؤثر طریقے سے پہنچائی جا سکے۔
یہ نشست فلسطینی شہداء کے لئے درجات کی بلندی اور عالمی معاشروں کی بیداری کے لئے دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔















آپ کا تبصرہ